بریسٹ کینسر، ایک ماہ کی بجائے مہم کو مسلسل جاری رکھنے کا مشورہ

October 23, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام "پنک ڈے" کے حوالے سے بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، صدارت وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کی جبکہ مہمان خصوصی نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد مسعودتھے۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ چھاتی کے کینسر کے حوالے سے اہم حکمت عملی اپنانے کی بہت ضرورت ہے اس مہم کو ایک ماہ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے اپنے سالانہ گوشوارہ کاحصہ بنایا جائے،نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد مسعودنے کہاکہ چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد اس کا علاج بروقت کروانا لازمی ہے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔اس موقع پر ممتاز خان منیس، ڈین ڈاکٹر عرفان احمد بیگ، ڈین ڈاکٹر شفقت سعید، ڈاکٹر عثمان جمشید، ڈاکٹر عمارہ وحید، مس صائمہ رشید، ڈپٹی رجسٹرار مس سومیہ امبرین سمیت دیگر فیکلٹی، سٹاف اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔