آج بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، چیئرمین پی سی بی

October 26, 2021


پاکستان سے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر واپس جانے والی نیوزی لینڈ کو جواب دینے کا وقت آگیا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ آج بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں قومی ٹیم کے دوسرے میچ سے قبل دیئے گئے بیان میں کہنا ہے کہ پہلے ہدف بھارت تھا اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ بھی نشانے پر ہیں۔

بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعد پاکستانی فینز بھی چیئرمین پی سی بی کی طرح گرین شرٹس کے ہاتھوں کیویز کی شکست کیلئے پر جوش ہیں۔

پاکستان کا دورہ اچانک منسوخ کرکے واپس جانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کا پہلی بارگرین شرٹس سے آمنا سامنا ہوگا، بھارت کو بھیگی بلی بنانے والے شاہین، کیویز کو دبوچنے کو بے قرار ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ایک اور بڑا مقابلہ شام 7 بجے شارجہ میں ہوگا۔

قومی ٹیم کے میچ سے قبل سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہونا شروع ہوچکی ہے، کسی نے بھارت کے ساتھ میچ کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے خطرناک لوگ ہیں، کسی نے کین ولیم سن اور بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ خطرہ ہے لیکن سیکیورٹی کا نہیں ۔

ایک صارف نے کیویز پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ٹور کینسل نہ کرتے تو آج سکون سے سوتے۔