پاکستانی کھلاڑیوں نے کیویز کی سکیورٹی کا مسئلہ حل کردیا!

October 27, 2021

کراچی(رفیق مانگٹ)پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ بھارت کو ہرانے کے بعد پاکستان کی اس دوسری فتح پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں‘پاکستانی صارفین نے اپنی خوشی کا اظہار یوں دلچسپ تبصروں سے کیا ” 135کا تو پاکستان میں ایک لیٹر پٹرول نہیں ملتا،نیوزی لینڈ والے ورلڈ کپ لینے آگئے “۔ ایک صارف نے لکھا ۔”پاکستانی کھلاڑیوں نے کیویز کی سیکورٹی کا مسئلہ حل کردیا۔ پاکستان نے کیویز کو ایسے قریب لاکر دھویاجیسے وہ ہمارے قریب آکر چلے گئےتھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کپتانوں کی میم بنا کر بابر اعظم کو ان پر ہاتھ رکھ کر لکھا”فیلنگ سیکور ناؤ“۔ اب محفوظ محسوس کررہے ہو۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کا کہنا ہے کہ پاکستان غیرمعمولی نظر آرہاہے،وہ سیمی فائنل تک پہنچے گا،باقی تمام ٹیمیں ان سے بچنے کی امید کریں گی، اور دعا کریں گی جو بھی انہیں ملے فائنل سے قبل انہیں ناک آؤٹ کردے، انہیں کرکٹ کھیلنے دیکھنا پسند ہے ۔جنوبی افریقہ کے کرکٹ کوچ اور سابق کرکٹر ہرشل ہرمن گبز کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کسی بھی حالات میں اسپن کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے۔

اپنے پیروں کااستعمال کرتے اور سیدھا مارتے ہیں، جہاں وہ اٹیک کرنا چاہتے ہیں ہمیشہ کنٹرول میں رہتا ہے۔ خلیجی اخبار ’دی نیشنل“ نے لکھاکہ خیال رہے کہ یہ ٹی 20ورلڈکپ نیوٹرل مقام پر کھیلا جارہا ہے، دبئی میں جھنڈا لگانے کے دو دن بعد اب شارجہ پر بھی دھاوا بو ل دیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ رانا ایوب نے پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نیوزی لینڈ کے لئے موزوں جواب تھا، ان کی اس پوسٹ پر بھارتیوں کو آگ لگ گئی اور ان کے خلاف تبصرے کرنے لگے کہ میڈم جی آپ کو لاہور چھوڑ آئیں۔ بھارتی صحافی راج دیپ سرڈیسائی نے لکھا کہ آخری بار کب بھارتی شائقین پاکستان کی جیت پر خوش ہورہے تھے؟

آج یقیناًایسا ہی دن ہے،کیویز کے خلاف پاکستان کی جیت نے بھارت کو ٹی 20کی دوڑ میں واپس لاکھڑا کیا ہے،ہم نے اتوار کو کیویز کو شکست دی اور کون جانتاہے کہ ہمارے پاس ایک اور2007جیسا انڈیا پاکستان فائنل ہوسکتا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر وی وی ایس لکسمین نے لکھا کہ پاکستان کی ایک اور شاندار جیت، پرانے وار ہارس شعیب اور آصف پہلے ہاف میں باؤلرز کے تسلط کے بعد میدان میں آئے ، سیمی فائنل میں ایک فٹ پہلے ہی۔۔

سابق نیوز ی لینڈ کرکٹر ڈینی موریسن نے لکھاکہ پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا۔پاکستانی صارفین نے اپنی خوشی کا اظہار یوں دلچسپ تبصروں سے کیا ” 135کا تو پاکستان میں ایک لیٹر پٹرول نہیں ملتا،نیوزی لینڈ والے پورا میچ لینے آگئے“۔

میچ کے آغاز پر اس طرح کی پوسٹیں نظرآئیں ”ابھی تو ہم بدلے ہیں،بدلے ابھی باقی ہیں“، جیت کے بعد ایک صارف نے جواب دیا” میرے چا رہ گر کو نویدہو،صف دشمنا ں کو خبر ملے۔۔ وہ جو قرض رکھتے تھے جان پر،وہ حساب آج چکا دیا“۔۔

نیوزی لینڈ نے سیکورٹی کا بہانہ بنا کر دورہ پاکستان منسوخ کیا تھا اسلئے ایسے زیادہ تبصرے سامنے آئے”پاکستانی کھلاڑیوں نے کیویز کی سیکورٹی کا مسئلہ حل کردیا۔