TLP سے پہلے معاہدے کا وزیراعظم کو علم نہیں تھا، فیصل واوڈا

October 28, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی سے پہلے معاہدے کا وزیراعظم کو علم نہیں تھا، اس سے پہلے وزیر داخلہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ نے بالکل غلط معاہدہ کیا ، مجھے اس معاہدے کا نہیں پتہ نہ میں نے اس کی شقیں پڑھی ہیں ۔

گزشتہ روز ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک لبیک کو بھی چاہئے کہ یہ جس احتجاج کو جس شکل میں لے جارہے ہیں نہ کریں سامنے والے بھی آپ کا بھائی ہے اور ادھر بھی آپ کا بھائی کھڑا ہے دونوں طرف اپنے ہی بچے پاکستانی کھڑے ہیں۔

گستاخی ہم کیسے برداشت کرسکتے ہیں اس میں سوال نہیں کسی مسلمان کالیکن اس کو ختم کرنے کا طریقہ یہ تھوڑی ہے ایک نے کی آپ نے اسے نکال دیادوسرے نے کیا اسے نکال دیا۔

تین سو کھڑے ہوجائیں گے ایسا کام کریں جو زندگی بھرکوئی مجال نہ کرے کوئی جرأت نہ کرے اس کا طریقہ کار بنائیں طریقہ کار کیا ہے آپ سارے مسلمان ملک اکٹھے ہوں ان کو بتائیں کہ جب ہم آپ کے مذہب کا احترام کرتے ہیں تو ہمارے مذہب کا احترام بھی کرنا ہوگااور ہم اس چیز کو برداشت بھی نہیں کریں گے۔

میزبان کے سوال کہ اس وقت معاہدہ کرتے ہوئے دماغ میں کیا سوچ تھی میں ابھی بھی یہ سمجھنے سے قاصر ہوں وہ وزرأ تھے وفاق کے نمائندے تھے کس اتھارٹی سے دستخط کئے؟

فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم مطلع نہیں تھے میں پہلے والے کی تو بات کررہا ہوں دوسرے والے کا مجھے نہیں پتہ ہے۔اگر میں ایک مذاکرات میں گیا ہوں تو مذکرات کی جو بھی شقیں اور شرطیں ہیں وہ میں نے دماغ دل سے ہوش وحواس میں ، اگر میں بوگس ہوں تو پھر میں مذکرات میں گیا کیوں تھا۔

میں14سال سے وزیراعظم کو جانتا ہوں جب آپ وزیراعظم کو کہتے ہیں ، میں جب مذاکرات کرنے جارہا ہوں تو مجھے بچے کی طرح کہا گیا کہ کافی پینا چینی ڈالنا، دودھ ڈالنایہ کرنا آپ کیوں الزام ڈال رہے ہیں کہ وزیراعظم ذمہ دار ہے۔

وزیراعظم کو یقینا نہیں پتہ تھا جو انہوں نے وہاں فیصلے کئے وہ دستخط کرنے کے بعد رپورٹ کئے ہیں۔ ایک اور سوال کہ وزیر داخلہ نے معاہدہ پر دستخط کئے تھے جس کے اندر فرانس کے سفارت کو نکالے جانے تذکرہ تھاآپ کی حکومت نے کس اتھارٹی سے وہ معاہدہ سائن کیا تھا؟

فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ نے بہت زبردست بات کی جب میں اور لبیک کی ٹاپ لیڈر شپ سعد رضوی بھی آپ کو بتائیں گے ایک تو وہ غلط معاہدہ سائن ہوا، بارہ بارہ گھنٹوں کے سیشن کے بعدمجھے بھی کہا گیا کہ وہ معاہدہ سائن کردومیں نے کہا سائن نہیں کرتا۔

اس لئے نہیں کرتا سائن کہ آپ آج معاہدہ سائن کرکے کسی کو دو دن تین مہینوں کے لئے تو ٹال سکتے ہیں پھر وہ تاریخ آجائے گی پھر آپ وہیں کھڑے ہوں گے، شیخ رشید نے دستخط نہیں کئے تھے ان سے پہلے کے وزیر داخلہ نے کئے تھے ۔

اینکر کے سوال کہ پہلے بریگیڈیئر اعجاز کے تھے اس کے فالو اپ میں دستخط شیخ رشید کے ہیں ہمارے پاس ہے میں آپ کو کاپی دیتا ہوں یہ نور الحق قادری ہیں آپ کے وزیر مذہبی اموراور شیخ رشید اہم یہ معاہدے کی کاپی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے اس معاہدے کا نہیں پتہ نہ میں نے اس کی شقیں پڑھی ہیں ۔