مہنگائی کیخلاف مختلف شہروں میں سیاسی جماعتوں کا احتجاج

November 09, 2021

ملک کے کئی شہروں میں مہنگائی کے خلاف مختلف سیاسی جماعتوں نے احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔

بہاولپور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن سے فرید گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ حافظ آباد میں مسلم لیگ( ن ) کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔

مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والے رکشہ ڈرائیوروں نے رکشوں کے آگے گدھے باندھ دیے۔ سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں وکلاء نے مہنگائی کے خلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔

علاوہ ازیں ضلع خیبر کے لنڈی کوتل بازار میں جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں اشیا خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان ریلوے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز نے بھی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے کرائے 30 فیصد تک بڑھا دیے ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔