میتھیو ہیڈن کا گرین شرٹس کیلئے اُردو زبان میں پیغام

November 18, 2021

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے فرائض انجام دینے والے سابق آسٹریلوی بیٹسمین میتھیو ہیڈن نے پاکستانی کرکٹرز کے لیے اُردو زبان میں پیغام جاری کردیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پرمیتھیو ہیڈن نے اپنی تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے پاکستان کا سبز کوٹ زیب تن کیا ہوا ہے۔

میتھیو ہیڈن نے تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’اسلام و علیکم پاکستان! میں برسبین کے قرنطینہ سینٹر میں بیٹھا اپنی آئیسولیشن مکمل کر رہا ہوں مگر میرا دل ڈھاکہ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے ساتھ جُڑا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میری تمام تر نیک تمنائیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے قومی کرکٹرز کے لیے لکھا کہ ’شاباش لڑکو! چھا جاؤ۔‘

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میر پور میں کھیلا جائے گا۔