کراچی: تاجر کا دن دیہاڑے اغوا و رہائی، مقدمہ درج

November 20, 2021

کراچی کے علاقے صدر کی الیکٹرانکس مارکیٹ کے تاجر کے دن دیہاڑے اغوا اور رہائی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ تاجر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جس کے مطابق مسلح افراد اسے حب لے گئے، تشدد کیا اور رقم چھین لی۔

متن کے مطابق چمن کے تاجر کو 2 روز قبل دوست نے زمین خریدنے کے بہانے پیسے لے کر بلایا، تاجر کو دوست نے پہلے گلشن اقبال میں گھمایا، پھر سفید ڈبل کیبن گاڑی میں مسلح افراد آئے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مسلح افراد تاجر کو اغوا کرکےحب لےگئے، ایک ملزم تاجر کی گاڑی لےکر پیچھے آیا۔

متن کے مطابق ملزمان نے تاجر کی گاڑی کا پیچھا کرکے الیکٹرانکس مارکیٹ سے ہی اغوا کیا، جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو موجود ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تاجر کا بیان ہے کہ ملزمان نے اس سے سادے کاغذات پر دستخط بھی کروائے ہیں، تحقیقات کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔

صدر کراچی الیکٹرانکس مارکیٹ ڈیلر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہمارے تاجر کو انصاف دلایا جائے۔