اذان کا سین شوٹ کرنے پر بہت باتیں سننی پڑیں، فیصل قریشی

November 25, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)فیصل قریشی نےانکشاف کیا کہ انہیں اپنے نئے پروجیکٹ ’دلِ مومن‘ کےلیےاذان کا سین شوٹ کرنےپربہت باتیں سننی پڑیں۔ پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنے نئے پروجیکٹ ’دلِ مومن‘ کے لیے اذان کا سین شوٹ کرنے پر بہت باتیں سننی پڑیں۔ فیصل قریشی نے ایک ویب شو میں بطورمہمان شرکت کی، اس شو میں انہوں نے اپنے نئے پروجیکٹ ’دلِ مومن‘ کی شوٹنگ کے دوران ہونے والے ایک واقعے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ’ شوٹنگ کے دوران ایک دن جب باقی سارے سین مکمل ہوگئے اور رات کے کوئی ڈھائی تین بج رہے ہیں‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس وقت ڈائریکٹر نے کہا کہ اب اذان والا سین شوٹ کرلیتے ہیں‘۔ فیصل قریشی نے کہا کہ’سین شوٹ کرنے کے لیے ہم نے بڑا والا اسپیکر منگوایا اور ہم شروع ہوگئے، اذان ہورہی ہے اور شوٹس لیے جارہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ’ سین فجر کی اذان کے لیے تھا تو اچھے طریقے سے شوٹ کرنا تھا تاکہ اذان کی آواز صاف سنائی دے‘۔اداکار نے مزید کہا کہ’ اچانک سے برابر والے گھر سے چیخوں کی آوازیں آنے لگیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’ گھر سے ایک آدمی تشریف لائے اور بھائی صاحب نے ہمیں جو باتیں سنائیں، ان صاحب کو لگا کہ رات کے دو ڈھائی بجے اذان ہورہی ہے تو مطلب کہ قیامت آگئی ہے‘۔