سولیسٹر فواد قریشی کی صاحبزادی ردا فواد بیرسٹر بن گئیں

November 25, 2021

لندن (جنگ نیوز) سولیسٹر فواد قریشی کی صاحبزادی ردا فواد نے لنکزان سے بیرسٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ منگل کو اس حوالے سے منعقد تقریب میں بیرسٹر بننے کے بعد ردا فواد نے اپنی کامیابی کو والدین اور اساتذہ کی رہنمائی اور دعائوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہبیرسٹر صبغت اللہ قادری ان کے آئیڈیل تھے جنہوں نے اس ملک میں پہلے کیوسی بننے کا اعزاز حاصل کیا اور ایشیائی کمیونٹی کیلئے قانون کا پیشہ اختیار کرنے کیلئے راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیرسٹر بن کر مظلوم کی آواز بنیں گی اور خاص طور پر خواتین کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گی۔ بیرسٹر رشید احمد نے اس موقع پر ردا فواد کے بہتر مستقبل کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کا قانون کے شعبہ کی طرف راغب ہونا خوش آئند ہے۔ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ پاکستانی والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچے تعلیم کی طرف سے غافل نہ ہوں اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر صبغت اللہ قادری نے ان سمیت متعدد دیگر افراد کی قانون کے شعبہ میں مہارت حاصل کرنے میں مدد کی اور اب ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم نئے آنے والوں کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے ردا فواد کے والدین کو صاحبزادی کی کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔