ایف بی آر دفاتر پر دہشتگرد حملوں کا خطرہ، سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

November 26, 2021

ملتان(نمائندہ جنگ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو دفاتر پر دہشت گرد حملوں کے خطرے کے پیش نظر ملک بھر کے ٹیکس دفاتر اور کسٹم کلکٹریٹس پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

ملتان آفس میں کلوز سرکٹ کیمروں کی تعداد میں اضافہ،چیکنگ مزید سخت کردی،ملتان سمیت کراچی، لاہور، اسلام آباد،کوئٹہ، پشاوروغیرہ میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کی جانب سے ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کلکٹرز کو ایک اہم مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر دفاتر پر دہشت گردی کی کارروائیوں بالخصوص خودکش حملہ آور ،بارود سے بھری گاڑیوں سے دھماکا کرنے کا خدشہ ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا بھی خدشہ ہے شہریوں اور ان دفاتر میں کام کرنے والے عملہ کی حفاظت کی خاطر فوری طور پر سکیورٹی کو سخت کرتے ہوئے کئے جانے والے اقدامات پر مبنی تفصیلی رپورٹ ایف بی آر ارسال کی جائے۔

اس حوالے سے چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس ملتان عابد رضا بودلہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی ہدایات پر ملتان آفس میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنا دیا گیا ہے۔

کلوز سرکٹ کیمروں کی تعداد میں اضافہ اور آنے جانے والے لوگوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کے کام کو مزید سخت کردیا گیا ہے مشکوک افراد پر نظر رکھی جارہی ہے اس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مسلسل رابطہ میں ہے۔