گیس پائپ لائن، پاکستان روس کا شیئر ہولڈرز معاہدے پر دستخط پر اتفاق

November 27, 2021

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان اور روس نے 3 ارب ڈالرز کی گیس پائپ لائن کیلئے 15 فروری تک شیئر ہولڈرز معاہدے پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ روس پاکستان کو بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب کے تانبے، سونا، لوہے، سیسہ اور زنک دھاتوں کی تلاش میں مدد کرے گا؛ماسکو پاکستان ریلوے میں بڑے پیمانے پر اس کے بڑے اسٹیک بھی منظم بنائے گا، روس نے پاکستان کو ایئر نیوی گیشن اور ایئر اسپیس کنٹرول سسٹم، موسمی ریڈار اور طبی آلات کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کی؛ پاکستان نئی ریفائنریوں کے قیام اور موجودہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن، ورچوئل پائپ لائن، ایل این جی کے ساحلی ذخیرے اور اسٹریٹجک تیل ذخیرہ کرنے میں روسی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے؛ ماسکو نے پاکستان کی تجاویز کو غور کے لیے نوٹ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس نے 15 فروری 2022 تک 3 ارب ڈالرز کی پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن (PSGP) کے لیے 28 مئی 2021 کو دستخط شدہ ترمیم شدہ بین الحکومتی معاہدے اور 15 جولائی 2021 کو ہیڈ آف ٹرمز پر دستخط کیے گئے انتظامات کے اندر رہتے ہوئے حصص یافتگان اور سہولت کاری کے معاہدوں پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔