روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے لٹل اسٹار آج دبئی میں اے سی سی انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں مد مقابل ہونگے۔
دبئی میں کھیلے جانے والے فائنل سے قبل گرین شرٹس کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ پوری طرح تیار ہیں، فائٹ کریں گے اور ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش ہوگی۔
اس سے قبل پاکستان انڈر 19 نے ایشیاء کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان دو بار آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب تک انڈر19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا ہے، 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان ،بھارت کے ساتھ مشترکہ طور پر چیمپئن رہا تھا۔
اس بار پاکستان کی انڈر19 ٹیم ایک نئے روپ میں نظر آ رہی ہے ، خاص طور پر پاکستانی بیٹر سمیر منہاس جو اب تک چار میچز میں 299 رنز جوڑ چکے ہیں، جس میں سنچری اور نصف سنچری بھی شامل ہے۔
گرین شرٹس کی بولنگ میں رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان 11 اورلیفٹ آرم بولر محمد صیام آٹھ وکٹیں لے چکے ہیں ، پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف فائنل میں کامیابی کیلئے پر امید ہیں۔