سی ٹی اوتیمورخان کے تبادلے کے احکامات رات گئے واپس

November 27, 2021

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) سی ٹی اوراولپنڈی کے تبادلے کے احکامات رات گئے واپس لے لئے گئے۔ تیمورخان ہی چیف ٹریفک آفیسرراولپنڈی رہیں گے۔جمعہ کی رات کی آئی جی پولیس پنجاب راؤسردارعلی خاں کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیاکہ ایڈیشنل ایس پی راول ڈویژن ضیاء الدین احمد کوچیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تعینات کردیاگیاہے جب کہ ان کے پیش روایس پی تیمورخان کوایس پی سیکورٹی راولپنڈی جب کہ ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی بابرجاویدجوئیہ کوایس پی راول ڈویژن راولپنڈی مقررکیاگیاہے ،یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ صرف 10دن قبل17نومبر کوایس پی تیمورخان نے چیف ٹریفک آفسیرراولپنڈی کاعہدہ سنبھالاتھا،ان سے قبل ایس پی رائے مظہراقبال سی ٹی او تھے، جنہیں 14جولائی کو ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی تعینات کیاگیا تھا۔ اس کے بعدبھی تقریباً چارماہ تک و ہ دونوں اہم عہدوں پرکام کرتے رہے ،جمعہ کورات گئے آئی جی پولیس پنجاب کی جانب سے سی ٹی او کے تبادلے کانوٹیفیکشن منسوخ کردیاگیا ،جب کہ ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی بابرجاویدجوئیہ کو ایس پی سیکورٹی راولپنڈی تعینات کرنے کانوٹیفیکشن جاری کردیاگیا۔ذرائع کاکہناہے کہ پہلانوٹیفیکشن ہونے کے بعدایس پی راول ضیاء الدین احمدسی ٹی اوراولپنڈی کاچارج لینے کے لئے چیف ٹریفک آفس پہنچ گئے تھے جہاں وہ تقریباً ایک گھنٹہ سے زیادہ دیررہے جنہیں بعدازاں بتایاگیاکہ نوٹیفیکشن منسوخ ہوگیاہے ،ذرائع کاکہناہے کہ محض دس دن بعدسی ٹی اوکوتبدیل کرانے میں بعض سی ایس پی افسروں کاکردارتھاکہ جنہوں نے ایس پی راول کو چندماہ پہلے سی ٹی اوراولپنڈی تعینات کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی ۔ادھر سی ٹی ڈی میں تعینات ڈی ایس پی عبدالستارخان کو ایس ڈی پی اوکوٹلی ستیاں تعینات کردیاگیاہے ۔