لاہور: پتنگ کی قاتل ڈور نے بائیک سوار کی جان لے لی

November 28, 2021


لاہور میں تمام تر حکومتی ہدایات اور انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ نہ رک سکا، شالیمار لنک روڈ پر قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔

موٹر سائیکل سوار اسد شالیمار لنک روڈ پر جا رہا تھا کہ ڈور اس کے گلے پر پھر گئی، زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اسد دم توڑ گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس نے واقعے پر ایس ایچ او مغل پورہ سعید انور کو معطل کر دیا جبکہ ایس پی سول لائن کو واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

لاہور میں اس سے قبل بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔

ادھر واقعے کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار نے پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے حکم دیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں پتنگ فروشوں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ شالیمار لنک روڈ پر ڈور سے شہری کی ہلاکت پر افسوس ہے، پتنگ بازی پر فیلڈ افسران کے ساتھ سپروائزری افسران کو بھی جواب دینا ہو گا۔