ہوم سیریز میں بھی کوچنگ کا عارضی سیٹ اپ ہو گا

November 28, 2021

ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان ٹیم کا عارضی کوچنگ سیٹ اپ ہو گا، بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری محمد یوسف اور بولنگ کوچ کے لیے عمر گل کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

مصباح الحق اور وقار یونس کے جانے کے بعد سے پاکستان ٹیم کےلیے عارضی کوچنگ سیٹ کام کر رہا ہے، ثقلین مشتاق عبوری ہیڈ کوچ ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن اور بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر تھے، فلینڈر بھی بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد ٹیم سے الگ ہو جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی پاکستان ٹیم کا کوچنگ سیٹ اپ عارضی ہو گا، پی سی بی نے مشاورت شروع کر دی ہے۔

نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو عارضی ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جا رہا ہے اور سابق فاسٹ بولر عمر گل کو وقتی طور پر قومی ٹیم کے ساتھ بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم وائٹ بال سیریز کھیلنے 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی ،جہاں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز ہو گی۔