بینظیر کو چور کہنے والے سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوچکے، عمران نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا، فون کالز پہلے بھی غلط تھیں اور آج بھی، بلاول

December 01, 2021

فون کالز پہلے بھی غلط تھیں اور آج بھی، بلاول

پشاور(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر کو چور کہنے والے سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوچکے،ججز پر دباو ڈالنے کیلئے فون کالز ماضی میں بھی غلط تھیں اور آج بھی غلط ہیں، عمران نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا

دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے،کپتان کو بھاگنے کی اجازت دینگے نہ رات کی تاریکی میں جہاز سعودی عرب یا لندن لے جانے کیلئے آئیگا، ای وی ایم کے نام پر اوور سیز پاکستانیوں کیساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے

انتخابی دھاندلی کے منصوبہ کو سڑکوں اور عدالت میں چیلنج کرینگے ،دہشت گردوں کیساتھ مذاکرات کسی صورت قبول نہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور کے کبوتر چوک رنگ روڈ پر پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ، نیئر بخاری، قمر زمان کائرہ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نجم الدین خان سمیت مرکزی اور صوبائی قائدین نے بھی جلسہ سے خطاب کیا

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کہ ہم گزشتہ تین سالوں سے پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کےمابین عوام دشمن ڈیل کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ اس کا تمام بوجھ عوام پر پڑیگا جو آج ثابت ہوگیا ہے، اس ڈیل کا نتیجہ عوام کھانے پینے کی اشیا، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

سلیکٹڈ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خودکشی کو ترجیح دیں گے لیکن نالائق کپتان نے خودکشی کی بجائے ملک کے عوام کو غربت میں دھکیل کر خودکشی پر مجبور کردیا ہے، کسی صورت سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کررہی ہے، ہم جعلی ای و ی ایم کی سڑکوں پر بھی مخالفت کریں گے اور ہماری قانون ٹیم عدالت جانے کیلئے بھی کیس تیار کررہی ہے، ہر قیمت پرکلبھوشن کو این آر او دینے کی مخالفت کریں گے ، جن دہشت گردوں نے ہمارے عوام ، اے پی ایس کے بچوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو شہید کیا ،حکومت ان دہشت گردوں کیساتھ چھپ چھپ کر مذاکرات کر رہی ہے، قاتلوں کیساتھ مذاکرات اور شہدا کے خون کی سودابازی کرنیوالے کون ہوتے ہیں،عوام تبدیلی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں

تین سال بعد اب ہر پاکستانی کو معلوم ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ، تاریخی غربت اور بے روزگاری ہے۔

بھٹو کی بیٹی کو چور کہنےوالے آج خود سرٹیفائیڈ چور بن چکے ہیں، جو عدالت کو فون کرکے دھمکی دیتے اور دباؤ ڈالتے تھے کہ شہید محترمہ اور آصف زرداری کو بیس بیس سال کی سزا سناکر جائیداد ضبط کرو، ہمیں ان پر بھی خوشی نہیں ہورہی کہ آج ان کے خلاف آڈیو ٹیپ نکل رہے ہیں

بلاول بھٹو نے 10دسمبر کو ملک بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ،10دسمبر کو تمام ضلعی ہیڈ کواٹرز میں گیس بحران کے خلاف احتجاجی مظاہروں جبکہ27دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں تاریخی جلسہ کے انعقاد کا اعلان کیا۔

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری، خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ نے کہاکہ آج ہم پاکستان کے عوام کو یہ پیغام پہنچا رہے ہیں کہ ملک کے اگلے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے

پیپلز پارٹی نے 54سالوں میں عوام سے وعدے کئے تو پورے کئے ، وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے جس تحریک اور پارٹی کی بنیاد رکھی تھی وہ غریب عوام کی آواز ہے۔

آج بھی پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں غریب عوام کی خدمت کیلئے حاضر ہے پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر نجم الدین خان نے کہاکہ بلال بھٹو زرداری نے پشاور میں یوم تاسیس کے انعقاد کا اعلان کرکے ہم پر احسان کیا ہے، اگرچہ نیازی سرکا ر نے جلسہ روکنے کیلئے تمام حربے اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے مگر ہم نے جلسہ کرکے دکھایا ۔