ماہرہ خان کی نانی انتقال کرگئیں

December 02, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کی نانی رضیہ خانم گزشتہ ماہ 25 نومبر کو دُنیا سے رخصت ہوئیں جس کی اطلاع اداکارہ نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر دی۔

ماہرہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نانی کی چند یادگار تصاویر شیئر کیں جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل نوٹ بھی تحریر کیا۔


اداکارہ نے لکھا کہ ’میری پیاری میری سب سے خوبصورت میری نانی رضیہ خانم جمعرات کی سہ پہر ہمیں چھوڑ گئیں، یہ ایک مشکل مہینہ رہا ہے، کبھی کبھی بہت تکلیف دہ لیکن اکثر اوقات خوبصورت لمحات بھی گُزارے گئے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میری نانی نے صرف 5 سال کی عُمر میں اپنی ماں کو کھو دیا تھا، نانی نے ہمت نہیں ہاری، وہ زندہ رہیں اور اپنا خاندان بنایا۔‘

ماہرہ خان نے لکھا کہ ’وہ ایک عظیم کہانی سنانے والی، خوبصورت ساڑھی پہننے والی، بے حد خود مختار، بہت فخر والی عورت، ایک پیار کرنے والی ماں، ایک اظہار خیال کرنے والی انسان تھیں، جو بھی ان سے ملا وہ اپنے ارد گرد خاص محسوس کرتا تھا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میری نانی اپنے تمام بچوں، پوتے اور پڑ پوتے سے گھری ہوئی تھیں اور میں خوش قسمت ہوں کہ اُن کے ساتھ وقت گُزارا اور اُن کی دیکھ بھال کی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُن کی نواسی بننا ایک اعزاز کی بات ہے اور میں امید کرتی ہوں کہ میں اپنی زندگی بھی اُن کی طرح گُزاروں۔‘

ماہرہ خان نے مزید کہا کہ ’یہ پڑھتے وقت میری نانی کے لیے دعا کیجئے۔‘