سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کا اکاؤنٹ کب اور کہاں سے ہیک کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

December 03, 2021

سربیا میں پاکستانی سفارت خانے نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ کے ہیک ہونے سے متعلق ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سفارتخانے کا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا۔

پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ سے پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلغراد میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے کو معمول کے مطابق تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں، عملے کے بچوں کے اسکول کی فیسیں ادا نہ ہونے سے متعلق افواہیں من گھڑت ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے کو اسلام آباد سے معمول کے مطابق فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔

بلغراد میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے کا سرکاری اکاؤنٹ کراچی سے ہیک کیا گیا، ہیکر نے ایک ونڈوز ڈیوائس پر کروم براؤزر کے ذریعے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستانی وقت کے مطابق 10 بجنے میں ایک منٹ پر کی گئی۔ سفارتخانے کے فیس بُک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی اسی ڈیوائس کے ذریعے ہیک کیے گئے۔

ہیکر نے 11 بجنے میں ایک منٹ پر پہلا پیغام جاری کیا، جو پاکستانی سفارتخانے کے عملے کی جانب سے نہیں تھا، مزید تحقیقات کے لیے پاکستانی اداروں کے ساتھ آئی پی ایڈریس شیئر کردیا گیا ہے۔

اکاؤنٹ ہیک کرکے پوسٹ کیے جانیوالے پیغام سے پاکستانی سفارتخانے کا کوئی تعلق نہیں، سفارتخانہ اس کی کوئی ذمہ داری نہیں لیتا۔