• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاپ سنگر سلیم جاوید 65 برس کے ہوگئے، سالگرہ پر شائقین کیلئے نئے گیت کا تحفہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

لوک گیت ’جگنی‘ سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے سدا بہار پاپ گلوکار سلیم جاوید نے 65 بہاریں دیکھ لیں۔

انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر شائقینِ موسیقی کو ایک نئے گیت کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

سلیم جاوید اور ان کے صاحبزادے، معروف موسیقار شیزان جوجی، دونوں 25 دسمبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں۔ باپ بیٹے کی سالگرہ ایک ہی دن ہونے کے باعث اہلِ خانہ ہر سال مل کر یہ خوشی مناتے ہیں اور ایک ساتھ کیک کاٹتے ہیں۔

اپنی سالگرہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم جاوید نے کہا کہ 25 دسمبر میرے لیے کئی خوشیاں لے کر آتا ہے۔ اس دن قائد اعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش بھی منایا جاتا ہے اور دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات بھی ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ اور ان کے بیٹے دونوں پاکستان میں موجود ہیں اور اسی موقع پر وہ شائقینِ موسیقی کو ایک نیا گیت پیش کر رہے ہیں، جس کی کمپوزیشن ان کے بیٹے شیزان جوجی نے تیار کی ہے۔

سلیم جاوید کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا بھر سے ملنے والی نیک خواہشات اور مبارکباد کے پیغامات انہیں بے حد خوشی دیتے ہیں۔ 

انہوں نے اپنے مشہور گیت ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی نئی نسل اس گیت کو گنگناتی ہے، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

کئی دہائیوں سے اپنی پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کرنے والے سلیم جاوید نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ موسیقی میں جدت اور نئے رنگوں کے ساتھ اپنے گیت پیش کیے ہیں اور آئندہ بھی یہ سفر جاری رہےگا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید