دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان کا پویلین لوگوں کی توجہ کا محور

December 04, 2021

فیصل آباد (اے پی پی)دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین لوگوں کی توجہ کا محور بنا ہوا ہے اور ایکسپو میں آنے والے غیر ملکیوں نے پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے طویل انٹرنیشنل دبئی ایکسپو ساؤتھ دبئی المختوم ایئرپورٹ کے قریب الوضل آرکیڈ اینڈ ایکسپو سنٹرو پلازہ میں جاری ہے جو 31 مارچ 2022تک جاری رہے گی جس میں 190 ممالک کے 20ملین تاجر ایکسپورٹرز اینڈ امپورٹرز شرکت کریں گے اس طرح یہ نمائش دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کا شاندار موقع ثابت ہوگی۔وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے ترجمان کے مطابق دبئی ایکسپواس لحاظ سے بھی دنیا کا سب سے بڑاتجارتی اجتماع ہے کہ اس میں دنیا کے تمام اہم ترین 190 ممالک کے تقریبا 20 ملین لوگ شرکت کریں گے اوراس ایکسپو کا مقصد دنیا کے بڑے ذہنوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنابھی ہے تاکہ ان کے آئیڈیاز سے مستفید ہوا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ایکسپو سنٹر میں ایک وقت میں 10ہزار سے زائد لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش مو جود ہے اور اس میں ہر ملک کا اپنا اپنا پویلین ہوگا جبکہ اس کے علاوہ استحکام،نقل و حرکت اور مواقع کے نام سے بھی ہر ایک کیلئے الگ الگ پویلین مختص کیا گیا ہے نیزاس موقع پرکلچر،کو لیبوریشن اور انوویشن کابھی تبادلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جو مشکل حالات کے باوجود ملکی ترقی کی طرف گامزن ہے وہ اس موقع پر بھی پاکستان کا مثبت تشخیص دنیا کے سامنے پیش کرنے کیلئے بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اور پاکستان کے پویلین کو بہت عمدہ طریقہ سے تیار کیا گیا ہے ۔