رانا شمیم 4 دن میں اصل حلف نامہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے حوالے کریں، اٹارنی جنرل کا خط

December 04, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے عدالتی حکم کی روشنی میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کیخلاف بیان کا حلف نامہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو سربمہر لفافے میں دیا جائے

پاکستانی ہائی کمیشن حلف نامہ بذریعہ وزارت خارجہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھیجے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کو اصل حلف نامہ جمع کروانے اور اسکے ساتھ تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دے رکھا ہے

قبل ازیں لندن کے نوٹری پبلک چارلس گتھری نے تصدیق کی کہ جنگ اور دی نیوز میں شائع ہونے والا حلف نامہ (جس میں صرف ایک نام کو حذف کر دیا گیا تھا) بالکل درست اور وہی حلف نامہ تھا جس پر انہوں نے دستخط کئے اور مہر ثبت کی تھی اور اس حلف نامے پر سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا محمد شمیم کے دستخط تھے۔

ادھر سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان کے بیرون ملک فرارکا خدشہ ہے،نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔