مرحوم پائلٹ قاضی اجمل کی نمازِ جنازہ و تدفین آج ہو گی

December 05, 2021

بلوچستان کے علاقے کنڈ ملیر میں جیرو کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے انسٹریکٹر پائلٹ قاضی اجمل کے چچا زاد بھائی قاضی ناصر کا کہنا ہے کہ مرحوم پائلٹ کی نمازِ جنازہ و تدفین آج ان کے آبائی گاؤں میں ہو گی۔

پائلٹ قاضی اجمل مرحوم کے چچا زاد بھائی قاضی ناصر نے یہ بات ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتائی۔

ان کا کہنا ہے کہ مرحوم پائلٹ قاضی اجمل کی میت ان کے آبائی گاؤں لنڈی ارباب لائی جائے گی، جبکہ مرحوم کی نمازِجنازہ آج شام ساڑھے 3 بجے ادا کی جائے گی۔

قاضی ناصر نے یہ بھی بتایا کہ پائلٹ قاضی اجمل میت نجی پرواز کے ذریعے کراچی سے پشاور لائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 3 دن سے لاپتہ انسٹریکٹر پائلٹ قاضی اجمل کی لاش کنڈ ملیر بلوچستان سے ملی تھی۔

قاضی اجمل کا جیرو کاپٹر بھی کنڈ ملیر کے علاقے میں گرا پایا گیا تھا۔