سات زخمی مزدوروں کے علاج کیلئے معاوضہ دیاجائے، مائنزلیبرایسوسی ایشن

December 06, 2021

پشاور(وقائع نگار)آل خیبرپختونخوا مائنزلیبرایسوسی ایشن اورپاکستان مائن ورکرزفیڈریشن نے درہ آدم خیل اخورزاہدمائننگ کمپنی میں گیس دھماکے سے جھلسے سات مائن ورکروں کے علاج معالجے کےلئے حکومت کی جانب سے اقدامات نہ اٹھانے پرتشویش کااظہار کیاہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسمیت متعلقہ حکام سے سخت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔آل خیبرپختونخوا مائنزلیبرایسوسی ایشن کے عمرزیب مشوانی اورپاکستان مائن ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سرزمین افغانی نے کہاکہ 29نومبر 2021کو درہ آدم خیل کے اخورزاہدمائننگ کمپنی میں گیس دھماکے سے سات کان کن زخمی ہوئے تھے جن کو برن ٹراماسنٹرحیات آباد پشاورمنتقل کیاگیاجس میں تین کان کنوں کی حالت تشویشناک تھی ۔تاہم مذکورہ تنظیم اور مزدوروں نے اپنی مددآپ کے تحت پانچ مزدوروں کو پنجاب کلرکہار برن سنٹر منتقل کیا جواپنی مددآپ کے تحت وہاں زیرعلاج ہیں لیکن ابھی تک صوبائی وزیرمحنت اور وزیرمعدنیات سمیت چیف انسپکٹرمعدنیات نے انکااحوال تک نہیں پوچھا اورنہ ہی ان کے علاج کےلئے کوئی اقدامات کئے انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس مائن ورکروں کے اعدادوشمار نہیں اورنہ ہی ان کے علاج معالجہ کےلئے کوئی خاص بندوبست ہے انہوں نے مطالبہ کیاکہ مذکورہ سات زخمی مزدوروں کے علاج کےلئے معاوضہ دیاجائے تمام مزدوروں کو ای اوبی آئی اور ای ایس ایس آئی کے ساتھ رجسٹرڈکیاجائے تاکہ انہیں ان کے حقوق مل سکیں۔