کراچی کے علاقے لیاری سے رکن قومی اسمبلی نبیل احمد گبول نے پاکستان مخالف بھارتی متنازع فلم ’دھریندر‘ کو پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام سازش قرار دے دیا۔
حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے نجی میڈیا چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فلم دھریندر میں دکھائے گئے اپنے کردار پر ردعمل دیا اور کہا کہ میں فلم والے نبیل گبول سے زیادہ خوبصورت ہوں۔
انہوں نے فلم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں میرے کردار اور لیاری کی غلط انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد بھارت پاگل ہو گیا ہے، ان کو پتہ چل گیا ہے کہ اب وہ پاکستان پر حملہ نہیں کر سکتے اس لیے وہ فلموں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
نبیل گبول کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر کوئی بھارتی ایجنٹ لیاری میں داخل ہوتا تو وہ زندہ واپس نہ جا پاتا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لیاری کے لوگ نہایت باخبر اور اپنے علاقے کے تحفظ کے حوالے سے حساس ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ فلم میں لیاری کو دہشت گردی کا گڑھ دکھایا گیا ہے، جو سراسر غلط ہے، کیونکہ لیاری کسی بھی قسم کی انتہاپسند سرگرمیوں کا مرکز نہیں ہے۔
انہوں نے دھریندر پر عائد پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے کو روکنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔