بھارت: بھائی نے حاملہ بہن کا سر قلم کردیا

December 06, 2021

پڑوسی ملک بھارت میں بھائی نے پسند کی شادی کرنے پر اپنی حاملہ بہن کا سر قلم کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ روز ایک نوجوان لڑکے نے اپنی ماں کے ساتھ مل کر اپنی 19 سالہ بہن کا سر قلم کر دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ جس وقت لڑکے نے اپنی بہن پر حملہ کیا تو اُس وقت اُس لڑکی کا شوہر بھی گھر پر ہی تھا، لڑکے نے اپنے بہنوئی پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ لڑکے اور اس کی ماں نے اپنی حاملہ بیٹی کے کٹے ہوئے سر کے ساتھ سیلفی بھی لی۔

حکام نے بتایا کہ لڑکے نے بہن کو قتل کرنے کے بعد اُس کا سر ہوا میں لہرایا اور اُس کے بعد اپنی گرفتاری دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ جون میں اپنے گھر سے فرار ہوگئی تھیں اور اپنے شوہر کے ساتھ رہ رہی تھی، اس کی والدہ نے گزشتہ ہفتے اس سے رابطہ کیا اور اس سے ملنے کو کہا جس کے بعد وہ گزشتہ روز اپنے بیٹے کے ساتھ اپنی بیٹی کے گھر آئی تھی۔