عدلیہ ہمیشہ سے دباؤ میں رہی، سلمان اکرم راجہ

December 09, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سلمان اکرم راجہ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ عدلیہ کو ہر آنے والے طالع آزما نے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے عدلیہ ہمیشہ سے دباؤ میں رہی،ماہر قانون ، رشید اے رضوی نے کہا کہ آپ عدلیہ کو یا کسی اور ادارے کو معاشرے سے الگ کرکے نہیں دیکھ سکتے ہیں عدلیہ بھی ہمارے سسٹم کا ایک حصہ ہے۔وہاں بھی جو جج آتے ہیں چاہے سول جج ہو یا چیف جسٹس آف پاکستان ہووہ کوئی آسمان سے تو نہیں اترے ہوتے وہ اسی معاشرے کی پیداوار ہیں اس میں یہ کہنا کہ عدلیہ میں کرپشن نہیں ہوسکتی بڑی عجیب بات ہے۔جس طریقے سے اس معاشرے میں کرپشن پھیلی ہے اس لحاظ سے کوئی ادارہ کرپشن سے پاک نہیں ہے عدلیہ سے لوگ زیادہ اس لئے توقع کرتے ہیں کہ وہاں وہ انصاف لینے جاتے ہیں۔اس لئے ہم کہتے ہیں کہ انصاف ایسا کریں کہ انصاف ہوتا ہوا دکھائی دے ۔اداروں میں اسٹیبلشمنٹ کی جو مداخلت ہے اس نے بھی اداروں میں بڑی تباہی مچائی ہے جہاں ہم کرپشن کی بات کرتے ہیں وہاں ہمیں اداروں کی آزادی اور خود مختاری کی بھی باتیں کرنی چاہئیں۔میں نہیں سمجھتا کہ اس وقت ملک کا کوئی ادارہ بھی آزاد ہے بلکہ ہر جگہ اسٹیبلشمنٹ کا عمل دخل ہے۔