کوہلی کی پریس کانفرس پر گنگولی کو وضاحت دینی چاہیے: سلمان بٹ

December 16, 2021

گنگولی اور کوہلی کے ’متضاد بیانات‘ بھارتی کرکٹ کے آگے بڑھنے کے لیے اچھے نہیں،سلمان بٹ

سابق قومی کرکٹر سلمان بٹ نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی کی پریس کانفرس پر بی سی سی آئی کے صدرسارو گنگولی کو وضاحت دینے کی ضرورت ہے۔

بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ ’سارو گنگولی اور ویرات کوہلی کے ’متضاد بیانات‘ بھارتی کرکٹ کے آگے بڑھنے کے لیے اچھے نہیں ہیں۔‘

سلمان بٹ نے کہا کہ ’بھارت کرکٹ کی بہتری کے لیے سارو گنگولی کو ویرات کوہلی کی پریس کانفرنس کا جواب دینے کی ضرورت ہے، وہ بی سی سی آئی کے صدر ہیں اور کوہلی کا عوام میں ان کی مخالفت کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔‘

سابق کرکٹر نے کہا کہ ’ایک طرف، گنگولی نے کہا کہ انہوں نے کوہلی سے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے دستبردار نہ ہونے کی درخواست کی تھی لیکن کوہلی نے اب سامنے آکر دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی سے کسی نے بھی اُن سے اس کے بارے میں بات نہیں کی۔‘

سلمان بٹ نے مزید کہا کہ ’یہ دو بالکل متضاد بیانات ہیں لہٰذا بھارتی کرکٹ کی بہتری کے لیے اب گنگولی کو اس پر وضاحت دینی چاہیے تاکہ معاملات مزید اُلجھ نہ سکیں۔‘

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ہیں، جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف ہونے والی سیریز میں روہت شرما کو ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا جبکہ ویرات کوہلی نے ون ڈے کھیلنے سے معذرت کرلی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ میں سلیکشن کے لیے دستیاب تھا، دستیاب ہوں اور ہمیشہ بھارتی ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب رہا ہوں، میں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے بے تاب تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنے کا خود کہا سلیکشن کمیٹی نے مجھ سے ٹیسٹ ٹیم کی سلیکشن کا پوچھا اور بتایا کہ میں ون ڈے کا کپتان نہیں ہوں، ون ڈے ٹیم کے حوالے سے بات نہیں ہوئی، کپتان نہ ہونے کا کہا گیا تو ٹھیک ہے۔