• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روہیت شرما کو ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے؟ صحافی کا کوہلی سے سوال

پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست پر صحافی نے کپتان ویرات کوہلی سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین روہیت شرما کو اگلے میچ کے لیے ٹیم سے ڈراپ کرنے سے متعلق سوال کرلیا۔

گزشتہ شب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پریس کانفرس کی، اس دوران ایک صحافی نے اُن سے سوال کیا کہ ’اگلے میچ میں روہیت شرما کو ڈراپ کرکے ایشان کیشن کو شامل کرلیا جائے؟


صحافی کے اس سوال پر پہلے تو بھارتی کپتان ویرات کوہلی طنزیہ انداز میں ہنسے اور پھر صحافی سے پوچھا کہ ’آپ کا سوال شاندار ہے جبکہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری موجودہ ٹیم بہترین ہے، آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟‘

ویرات کوہلی نے صحافی سے پوچھا کہ ’کیا آپ روہیت شرما کو ٹی 20 انٹرنیشنل سے ڈراپ کریں گے؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ آخری بار روہیت کی ٹیم کے لیے کیا پرفارمنس تھی؟‘

بھارتی کپتان نے طنزیہ انداز میں صحافی سے کہا کہ ’اگر آپ تنازع چاہتے ہیں تو براہ کرم مجھے پہلے بتائیں تاکہ میں اس کے مطابق جواب دے سکوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پہلے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے روہیت شرما کو صفر پر میدان بدر کیا تھا۔

تازہ ترین