پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں، وزیراعظم عمران خان

December 18, 2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں۔

عمران خان نے غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا، کرپشن ملک کو تباہ کردیتی ہے۔ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔

پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھٹو اور شریف خاندان ہیں

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں، ہمارا مقابلہ 2 ایسے خاندانوں سے ہے جو دولت سے مالا مال ہیں۔ پاکستان کی بدحالی کے ذمہ دار بھی یہی دونوں خاندان ہیں۔ بھٹو اور شریف خاندان سیاست نہیں خاندانی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کو تباہ کردیتی ہے، وزیروں کیخلاف بدعنوانی کے الزامات سامنے آئے تو خود شفاف تحقیقات کروں گا، چینی اسکینڈل پر حکومت حرکت میں آئی ہے۔

نائن الیون میں کوئی افغان شہری ملوث نہیں تھا

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان پر امریکا کی مسلط کردہ جنگ ایک جنونی عمل تھا، امریکا نے افغانستان میں نام نہاد جنگ کے نام پر 20 سال تک قبضہ کیے رکھا، نائن الیون میں کوئی افغان شہری ملوث نہیں تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ایک کروڑ چالیس لاکھ لوگ امداد کی منتظر ہیں، اب افغان عوام کا ساتھ چھوڑنا نہیں چاہئے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پتا نہیں امریکی افغانستان میں کیا اہداف حاصل کرنا چاہتے تھے۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اجاگر کریں گے، 80 لاکھ کشمیری ایک کھلی جیل میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

بی جے پی کی موجودگی میں پاک بھارت ایٹمی جنگ کا خدشہ ہے

ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی فسطائی حکومت بھارت اور خطے کیلئے خطرناک ہے، خدشہ ہے بی جے پی کی موجودگی میں پاک بھارت ایٹمی جنگ نہ چھڑ جائے، سمجھ نہیں آتا ہندو جیسی عقلمند قوم کی حکمرانی بی جے پی کیسے کررہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مغرب میں قیام کی وجہ سے مغربی سیاست سے اچھی واقفیت ہوئی، ہمیشہ مغربی طاقتوں کی سیاست پر کڑی تنقید کی، مغرب سمجھتا ہے سامراجیت کی مخالفت کرنا انکی مخالفت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جیت سے زیادہ ہار غلطیوں سے سیکھنا سکھاتی ہے، کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔