پہلا فیفا عرب کپ الجیریا نے جیت لیا

December 19, 2021

پہلا فیفا عرب کپ کا ٹائٹل الجیریا نے جیت لیا، فائنل میں تیونس کو 0-2 سے شکست دی، 16 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں میزبان قطر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

قطر کے البیت اسٹیڈیم میں 8 ہزار سے زائد شائقین کی موجودگی میں فیفا کی نگرانی میں عرب کپ کھیلا گیا جہاںالجیریا اور تیونس کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آئیں ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، مقررہ وقت میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ، اضافی وقت میں الجیریا کے نوجوان مڈ فیلڈرامیر سعیود نے گول کرکے ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی ۔

میچ کے آخری منٹ میں یاسین براہیمی نے گول کرکے الجیریا کو عرب کپ کا پہلاٹائٹل جتوادیا، مصر کو ہراکر میزبان قطر نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے میچ میں خصوصی شرکت کی اور ٹورنامنٹ کو فیفا کے تحت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔