نواز شریف آئیں، ویزہ اور ٹکٹ دوں گا: شیخ رشید

December 26, 2021


وفاقی وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو 24 گھنٹوں میں پاکستان آنے کا ویزہ دوں گا، ان کو اپنی جیب سے ٹکٹ کی آفر کرتا ہوں، اتنا زیادہ ڈرامہ کر کے وہ گئے، انہوں نے عدلیہ پر وار اور فوج کے خلاف باتیں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ان کے خاندان کے 3 لوگ یہاں ہیں، وہ بھی آ جائیں، بیماری کا اتنا بہانہ کر کے یہ گئے مگر کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے عوام سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں آپ کو گرین لائن بس سروس کی مبارک باد دیتا ہوں، کراچی میں بسوں کی چھتوں پر لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح بیٹھے دیکھے ہیں۔

ان کاکہنا ہے کہ بانیٔ متحدہ کو میں زمانہ طالبِ علمی سے جانتا ہوں، ان سے بات چیت نہیں ہو سکتی، ان کے اوپر بہت سے قتل و غارت گری کے مقدمات ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ تعلقات آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے، یہ لوگ جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، ان لوگوں نے وہاں جا کر ٹارزن بننے کی کوشش کی، مگر ٹھس ہو گئے، جو نام لے کر لندن سے باتیں کرتے تھے ان پر سے ہاتھ اٹھ گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا کہ میں لاہور میں ٹینٹ لگانے لگا ہوں، آصف زرداری صاحب آپ کے اور میرے ٹینٹ اکھڑنے کا وقت آ گیا ہے، نواز شریف اور زرداری خاندان کرپٹ ہیں، لوگوں کو معلوم ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری چور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے 7 روزہ دورے پر آؤں گا، لوگوں کی تکالیف کو خود کم کروں گا، یہاں پتہ نہیں حلقہ بندی ہوئی یا نہیں ہوئی، یہاں کے شہریوں کے لیے پیپلز پارٹی نے کیا کیا ہے؟ مراد علی شاہ سے کہوں گا کہ مرکز کے ساتھ مل کر کام کریں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ پاپڑ والے، چنے والے تو میں نے نہیں نکالے، ایشوز بنائے جارہے ہیں، شہبازشریف کا نام احترام سے لوں گا، انہوں نے کہا کہ ہمارا ہاتھ اور ان کا گریبان ہو گا، ان جیسے چور ہمارے گریبانوں میں ہاتھ نہیں ڈال سکتے، شکلیں دیکھیں یہ اپنی، ان جیسی کرپشن کسی کی نہیں، جتنی کرپشن کے کیسز ان پر ہیں کسی پر نہیں ہیں، لوگوں میں ان کے خلاف نفرت ہے، الزام ہمیں دے رہے ہیں کہ ہماری وجہ سے یہ سب ہوا ہے، ان کے خاندان کے 3 لوگ سیاست کر رہے ہیں، چوتھا بھی کر لے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان آخری سانس تک کرپشن زدہ سیاست کے خلاف لڑائی لڑتے رہیں گے، ان کے دورمیں او آئی سی کی کامیاب کانفرنس ہوئی، تمام مسلم دنیا عمران خان کی زبان پر متفق ہوئی، ٹی ٹی پی کے ساتھ بالواسطہ رابطے ضرور ہیں، ہم طالبان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ ان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے سال بیمار ہوا تو احساس ہوا کہ دوائیں مہنگی ہیں، میرے جیسا صاحبِ حیثیت بھی دوائیں افورڈ نہیں کر سکتا، چینی چوروں نے سبسڈی لی، چینی بھی یہیں رکھی، مافیاز کی جڑیں اتنی لمبی ہیں کہ ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جا سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ جو افسران میرے محکمے میں روٹیشن پالیسی پر نہیں جائیں گے انہیں نکال دوں گا، پالیسی ادارے کی ہوتی ہے، کسی ایک شخص کی نہیں ہوتی، ادارے 10 سے 20 سال کی پالیسی بناتے ہیں، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر ادارے میں مہینے میں ایک دن میں خود بیٹھوں گا۔

وزیرِداخلہ نے مزید کہا کہ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے، بلدیاتی الیکشن کے بعد ملک کو 4 سال مکمل ہو جائیں گے، پانچواں سال انتخابات کا ہوتا ہے، 40 فیصد ووٹ امیدوار کا ہوتا ہے، باقی امیدوار کو محنت کرنا ہوتی ہے، جمہوریت کا حسن ہے کہ کوئی کم اور کوئی زیادہ ووٹ لیتا ہے، قوم نے جو ووٹ دیئے تھے اس میں چوروں کو سزا دینی تھی، میں اتفاق کرتا ہوں کہ ہم اس میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ملک میں نظامِ اسلام کی طاقت سے انحراف نہیں کیا جا سکتا، آپ کسی بھی مکتب کے عالمِ دین ہوں میں آپ کا نام احترام سے لوں گا، میرا حلقہ پاکستان کا حساس ترین حلقہ ہے، میں پاکستان کی عظیم فوج سے تعلق رکھنا اعزاز سمجھتا ہوں، مودی مسلمانوں کی قتل و غارت گری کا منصوبہ بنا رہا ہے۔