تاجر وں کاپاک امریکا تعلقات میں اہم کردارہے،افضا ل محمود

May 19, 2016

راجہ زاہد اختر خانزادہ......پاکستان کے قونصل جنرل افضال محمود کا کہنا ہے کہ تاجر برادری پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پاکستان سے آئے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 5رکنی وفد کے اعزاز میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل افضال محمود نے کہا کہ امریکا کی 11ریاستوں سے پاکستان کی تجارت کا حجم ایک بلین ڈالر ہے جبکہ ریاست ٹیکساس کا حجم 325بلین ڈالر سالانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک امریکا دوستانہ تعلقات کے تسلسل کیلئے ضروری ہے کہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے امریکا میں مقیم سید جاوید انوراورطاہرجاوید جیسےسرگرم اور متحرک تاجروں کے ذریعہ مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چیمبرز کو چاہیے کہ وہ ریاست ٹیکساس میں آئل اور گیس کے شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے تاجروں کو امریکا کا دورہ کرائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2007سے 2013ء تک امن و امان کی صورتحال غیر تسلی بخش رہی تاہم اس وقت صورتحال انتہائی بہتر ہو گئی ہے۔

افضال محمود نے کہا کہ مئیر ہیوسٹن اور گورنر ٹیکساس جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیںاس موقع پر وفد کے سربراہ ابراہیم کسوجی۔رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل،ممتاز تاجرطاہر جاوید اور سسٹر سٹی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔پاکستانی تاجروں کے وفد کے سربراہ ابراہیم کسوجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرچی چیمبر دنیا کی چند بڑی چیمبرز میں سے ایک ہے جس کے اراکین کی تعداد 20ہزار کے لگ بھگ ہے۔اس موقع پر معروف تاجر طاہر جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ دو طرفہ تجارتی وفود کے تبادلوں اور مزید تجارتی نمائشوں کا انعقاد کیا جائے۔

اس موقع پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے کہا کہ سسٹر سٹی دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔پاکستان سے آئے ہوئے کراچی چیمبر کے وفد نے ہیوسٹن میں والس اسٹیٹ،بینک امریکا اور ہیوسٹن پورٹ کا بھی دورہ کیاجبکہ میئر اور ہیوسٹن کے آفس میں واقع ٹریڈ شعبہ کے افسران اور انچارچ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ سسٹر سٹی کے تعاون کے ذریعہ کراچی چیمبر روابط کو مزید مضبوط کریں گےاور ٹریڈ کو فروغ دینے کیلئے اہم مشن پر کوشاں ہیں۔

اس موقع پر وفد کے اراکین نے کہا کہ ٹریڈ کے فروغ کیلئے امریکا میں کانفرنسزکا انعقاد کاریا جائے ،سٹی کے رہنمائوں اور سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی چیمبر کے ذریعہ ’’مائی کراچی‘‘ کے نام سے تجارتی نمائش کا اہتمام جلد ہی منعقد کیا جائے گا۔آنے والے وفد کے اعزاز میں پاکستان کے قونصل جنرل افضال محمود کی جانب سے عشائیہ بھی دیا گیا جبکہ وفد نے ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن کا دورہ کیا جہاں آسٹن کے معروف تاجر اقبال شیخ نے وفد کا خیر مقدم کیا اور ان کو دارلحکومت کا دورہ کرایا اور تاجروں سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا۔