ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کا راج

December 29, 2021


بلوچستان کے کچھ حصوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے بعد شدید سردی کا راج ہے، پنجاب کے کئی شہروں میں دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم سرداور خشک ہے، چمن ،زیارت اور گردونواح میں موسم ابر آلود ہے، شدید سردی میں گیس کی قلت اور پریشر میں کمی کی وجہ سے ایل پی جی سلینڈر کی قیمت بڑھ گئی ہے۔

گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑوں پر برفباری کے بعد خون جمادینےوالی سردی کا راج ہے، پنجاب کے کچھ شہروں میں آج بھی صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں خشک اور شدید سرد ی کی توقع ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا کےمیدانی علاقوں اورسندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

آج سب سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 14سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسکردو، کوئٹہ ، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6ڈگری سینٹی گریڈ رہا، راولا کوٹ، استور، مالم جبہ میں کم سےکم درجہ حرارت منفی 5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ہنزہ اور دیر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہا، گلگت میں منفی 4اور مری میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2سینٹی گریڈ رہا، چترال اور گڑھی دوپٹہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔

دوسری جانب کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد1، پشاورمیں کم سےکم درجہ حرارت 3ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔