پی پی رکن اسمبلی نے میرا ہاتھ مروڑا، انگلی فریکچر ہوگئی، غزالہ سیفی

December 30, 2021


پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی غزالہ سیفی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں پیش آنے والے آج کے واقعے پر میں بہت افسردہ ہوں، لوگ ہم پر رشک کرتے ہیں کہ ہم عوامی نمائندے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی پی رکن اسمبلی نے میرے ہاتھ کو مروڑا، لگتا ہے میری انگلی فریکچر ہوئی ہے۔

جیونیوز سے بات کرتے ہوئے غزالہ سیفی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ قومی اسمبلی میں جاہلوں کا لشکر آگیا ہے، ہم یہاں پر عوام کے حقوق کی بات کرنے کے لیے آتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہماری کوئی گفتگو نہیں ہورہی تھی خواتین مردوں کی طرف آگئی تھیں اور کاغذ پھاڑ کر وزیر خزانہ کی طرف پھینک رہی تھی، میری طرف سے منع کرنے پر خاتون رکن اسمبلی نے میرے اوپر ہاتھ اٹھایا اور ہاتھ بھی مروڑ دیا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہیں لڑائی جھگڑے کا اتنا ہی شوق ہے تو سڑکوں پر جاکر جھگڑے کریں، میری یہ سمجھ نہیں آرہا کہ یہ لوگ آئے کہاں سے ہیں، ان لوگوں نے کہاں پڑھا ہے۔

غزالہ سیفی نے مزید کہا کہ جب انہوںنے میرے اوپر ہاتھ اٹھایا تو میں نے اپنے دفاع کے لیے ان پر جواب میں ہاتھ اٹھایا، کیونکہ میں خاموش نہیں رہ سکتی تھی۔