کئی ممالک میں اومی کرون کا پھیلاؤ جاری

January 02, 2022

دنیا کے کئی ممالک میں اومی کرون کا پھیلاؤ جاری ہے، کورونا ویرینٹ کیسز کی تعداد لاکھوں میں سامنے آرہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں مزید 4 لاکھ تینتالیس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ فرانس میں سوا لاکھ سے زائد کیسز کے باوجود پابندیاں نہیں لگائی گئیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نئے سال پر عالمی برادری کی مدد سے کورونا کو ہرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

برطانیہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں اومی کرون ویرینٹ سے متاثر افراد کے اسپتال میں داخل ہونے کا امکان تقریباً پچاس فیصد کم ہو جاتا ہے، اومی کرون سے تحفظ کے لیے ویکسین کی دو خوراک لگوانے والے افراد کا اسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ 65 فیصد کم ہو جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جانوروں پر کی جانے والی ایک تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ گزشتہ ویرینٹ کے مقابلے اومی کرون پھیپھڑوں کو کم نقصان پہنچا سکتا ہے۔