طاہر اشرفی کی سانحہ سیالکوٹ کے اسپیڈی ٹرائل کی اپیل

January 02, 2022

وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپیل کی ہے کہ عدالت سانحہ سیالکوٹ کا اسپیڈی ٹرائل کرے۔

بین المذاہب ہم آہنگی سمینار سے خطاب میں طاہر محمود اشرفی نے چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ سیالکوٹ سانحے کا اسپیڈی ٹرائل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں جبری شادی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عوام میں رواداری کا شعور پیدا کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کر رہے ہیں۔

طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ سیالکوٹ واقعہ اسلامی روایات کے منافی تھا، اسلام مکمل امن اور آشتی کا دین ہے، آئین پاکستان ان کو بھی حقوق دیتا ہے، جو اس کو نہیں مانتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے پنجاب آفس میں شکایات کی وصولی کا انتظام کیا جائے گا اور دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان نے اپنی جہالت سے اپنے گھروں کو بھی مشکل میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں جبری شادی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، جبری طور پر مذہب کی تبدیلی کے خلاف ہیں، تبدیلی مذہب کے لیے پوری تحقیقات کی جاتی ہیں۔