خواجہ آصف کی عدالت کا فیصلہ چیلنج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

January 03, 2022

مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، سیشن عدالت نے فیصلہ چیلنج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ کل خواجہ آصف کی درخواست پرسماعت کریں گے۔

خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کے اپنے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنےکو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

خواجہ آصف نے درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج اور عمران خان نیازی کو فریق بنایا اور کہا کہ عدالت نے بذریعہ ای کورٹ وزیراعظم کا بیان وکیل صفائی کی غیر موجودگی میں ریکارڈ کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے قانون کا حوالہ دیے بغیر جلدبازی میں فیصلہ سنایا۔

خواجہ آصف نے درخواست میں استدعا کی کہ جرح کا حق ختم کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 29 دسمبر2020 کو نیب نے گرفتار کیا، 23 جون2021 تک قید رہا، عدالت نے9 جولائی2021 کو وکیل کی غیرموجودگی پر یکطرفہ کارروائی کرکے فیصلہ دیا۔

خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف شوکت خانم میموریل اسپتال سے متعلق بیان پر ہرجانے کا دعوی دائرکیا گیا تھا۔

عدالت نے یکطرفہ کارروائی کا فیصلہ ختم کرنے کی درخواست 23 اکتوبر کو مسترد کردی تھی۔