پی ایس ایل کیلئے ٹیم لانا چاہتے ہیں، مراد علی شاہ

January 03, 2022

فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لئے ٹیم لانا چاہتے ہیں، اسپانسر ڈھونڈ کر جلد پی ایس ایل کے لئے ٹیم لائیں گے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے ملاقات کی، مراد علی شاہ نےقومی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کی۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ مراد علی شاہ نے شاہنواز دھانی کو شیلڈ، سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم کرکٹ میچ کروائیں گے، میں فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی بولنگ پر بیٹنگ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ شاہنواز دھانی کا تعلق لاڑکانہ سے ہے، سانگھڑ کے بہترین اسپنر نعمان اور دیگر کو پروموٹ کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے شاہنواز کو کہا کہ اپنی تربیت پر مزید توجہ دیں اور سندھ کے دیگر نوجوانوں کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔