لاہور: اے ایس ایف کی کارروائی، ابوظبی جانے والے مسافر سے 4 کلوگرام آئس ہیروئن برآمد

January 03, 2022


لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر پورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابوظبی جانے والے مسافر کے قبضے سے 4 کلوگرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق مسافر امین افضل لاہور سے ابوظبی کی پرواز میں سوار ہونے کے لیے پہنچا تھا کہ اے ایس ایف کے ڈیوٹی پر مامور عملے نے مسافر کے بیگ کی اسکینگ کے دوران مہارت کا مظاہرہ کیا اور بیگ کو مشکوک قرار دیا، بعدازاں بیگ کی ہاتھ سے تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 4 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

انہوں نے کہا کہ اس کارروائی سے سال نو کی منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ترجمان کے مطابق پکڑی گئی ہیروئن کی مالیت تقریباً ساڑھے 4 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بتائی جاتی ہے۔

بعد ازاں منشیات اسمگلر کو برآمد شدہ ہیروئن سمیت مزید کارروائی کے لیے محکمہ انسداد منشیات (اے این ایف) کے حوالے کر دیا گیا۔