اومیکرون کی مقامی منتقلی ہو رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

January 06, 2022

فائل فوٹو

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عالمی وبا کورونا وائرس کے جنوبی افریقا سے پھیلنے والے نئے ویرینٹ اومیکرون سے متعلق کہنا ہے کہ اومیکرون کے کچھ کیسز کی ٹریول ہسٹری ہے، باقی مقامی کیسز ہیں، اومیکرون کی مقامی منتقلی ہو رہی ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے اومیکرون کی تازہ صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹس شیئر کی گئی ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کوویڈ19 کے اومیکرون ویرینٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ 28 دسمبر 2021ء سے 2 جنوری 2022ء کے دوران اومیکرون کے نئے کیسز آئے ہیں، اب تک 268 کیسز ظاہر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 28 دسمبر سے 2 جنوری 2022ء کے دوران 133 نمونے ٹیسٹ کیے گئے، 133 نمونوں میں سے 95 اومیکرون کے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ شہر میں موجود ہے۔

سید مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نئی لہر سے بچاؤ کے لیے سخت احتیاط کرنا ہو گی۔