عدت مکمل کیے بغیر شادی کو زنا قرار دینے کی درخواست خارج

January 07, 2022


لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدت گزارے بغیر شادی کو بے قاعدہ یا فاسد کہا جا سکتا ہے لیکن اسے باطل قرار نہیں دیا جاسکتا، عدالت نے عدت مکمل کیے بغیر شادی کو زنا قرار دینے کی درخواست خارج کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی ضیا باجوہ نے امیر بخش کی درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ اس کی سابق بیوی آمنہ نے عدالت سے تنسیخ نکاح کا یکطرفہ فیصلہ لیا اور اگلے روز اسماعیل نامی شخص سے شادی کرلی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدت مکمل کیے بغیر اگلا نکاح کرنا زنا کے زمرے میں آتا ہے اس لیے زنا کا مقدمہ درج کروایا جائے۔

عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار کا موقف درست مان بھی لیا جائے تب بھی شادی باطل نہیں۔ عدت مکمل کیے بغیر ہونے والی شادی کو بے قاعدہ تو کہا جاسکتا ہے لیکن وہ باطل نہیں۔ اس لیے جوڑے کو زنا کا مرتکب قرار نہیں دیا جا سکتا۔