لاہور کے دو کزن ظفر اور معروف بھی مری میں انتقال کر گئے

January 08, 2022


سانحہ مری میں لاہور کے رہائشی دو کزن ظفر، معروف اقبال اور گوجرانوالہ سے ان کا دوست بھی زندگی کی بازی ہار گیا، تینوں افراد گاڑی میں ہی ٹھٹھر کر جاں بحق ہوگئے۔

لاہور کے علاقے پیکو روڈ کا ظفر اقبال اپنے کزن معروف اور دوست اشفاق کے ہمراہ سیر کیلئے مری گیا تھا۔

مرحوم ظفر کی بہن کا کہنا ہے کہ بھائی اس کا کزن اور دوست سیر کیلئے گئے تھے، کسے معلوم تھا کہ یہ ان کا آخری سفر ہوگا۔

مرحوم معروف کے بھتیجے فیصل کا کہنا ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر چچا کی گاڑی کی تصویر دیکھی تو تشویش لاحق ہوئی، بعد میں پتہ چلا کہ قیامت ٹوٹ چکی ہے۔

مرحوم ظفر اور معروف کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ مری میں برفباری سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ظفر اور معروف کے گھر میں صف ماتم بچھی ہے، تعزیت کے لئے عزیز واقارب اور اہل علاقہ کی آمد ورفت جاری ہے۔