مری، سڑک پر برف پھینک کر رقم بٹورنے والے ملزم کی ضمانت منظور

January 12, 2022

مری میں سڑکوں پر برف پھینک کر سیاحوں سے معاوضہ بٹورنے والے ملزم کی ضمانت منظور ہوگئی۔

پولیس نے ملزم ثاقب عباسی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ نواز اشرف کی عدالت میں پیش کیا، ملزم کے وکیل کی جانب سے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے ملزم ثاقب عباسی کی ضمانت27 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کی۔

دوسری جانب ملزم کو ساتھ لانے والے تفتیشی افسر نے صحافیوں کو ملزم کی وڈیو بنانے سے روک دیا۔

خیال رہے کہ ملزم اور اس کے ساتھی سیاحوں سے مدد کے بہانے بھاری معاوضہ لیتے تھے، گزشتہ روز پولیس نے ثاقب عباسی کو جیپ سمیت گرفتار کیا تھا۔