سندھ کا نیا بلدیاتی نظام،پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، جی ڈی اے احتجاج کرینگے

January 15, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے نئے بلدیاتی نظام کیخلاف پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے احتجاج کرینگے،سندھ کی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے بلدیاتی ترمیمی بل کی صورت میں لوکل باڈیز سے تمام اختیارات چھین لئے ہیں سندھ کی شہری و دیہی عوام اس بات پر متفق ہیں کہ اس قانون کی موجودگی میں عوام کو تمام بلدیاتی سہولتیں میسر نہیں ہونگی لہذا اس سندھ دشمن بلدیاتی قانون کو ختم کیا جائے، سردار عبدالرحیم، محمد حسین، جاوید حنیف، بلال غفار، حسنین مرزا اور عارف مصطفیٰ جتوئی جمعہ کو فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں مشترکہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سےخطاب کر رہے تھے، ترمیم شدہ سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دھرنے کا عندیہ دیتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن (ہفتہ 15 جنوری) آج فوارہ چوک پر تاریخی احتجاج کرے گی جس میں کراچی کے باشعور عوام بڑی تعداد میں شریک ہوکر بے اختیار بلدیاتی قانون کے خلاف تاریخی فیصلہ دینگے، قابض حکومت نے بلدیاتی قانون کو واپس نہیں لیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہائوس کا گھیرائو بھی کرسکتے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ کالے قانون کیخلاف15 جنوری کو کراچی میں فوارہ چوک کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔