پاکستانی پیشکش کا شکریہ، ہمیں بیرونی افرادی قوت کی ضرورت نہیں، طالبان

January 18, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) طالبان کے ترجمان و افغانستان کے نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی افرادی قوت افغانستان بھیجنے کی پیشکش پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی پشتو سروس کو انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے افرادی قوت سے متعلق پاکستانی پیشکش کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ افغانستان میں ماہر اور تعلیم یافتہ افرادکی کافی تعداد ہے لہٰذا ہمیں بیرونی افرادی قوت کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر بیرونی ممالک سے درخواست کرسکتے ہیں لیکن افغانستان تعلیم یافتہ نوجوانوں کے معاملے میں خودکفیل ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ افرادی قوت کے حوالے سے کئی ممالک نے افغانستان کو تجاویز دی ہیں لیکن ہم اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کو قبول کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک میں بینکنگ کے کچھ مسائل ہیں جن میں مدد کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان پر اپیکس کمیٹی نے عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان ضرورت کی اس گھڑی میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔