بھتہ جمع کرنے والے تاجر کہہ رہے ہیں بلدیاتی قانون نہیں مانتے، پی پی

January 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے عوا م نے بھان متی کاکنبہ کے لوگوں کے مظاہرے کو مسترد کردیا ،احتجاج کرنے والے اپنی نالائقی چھپانے اور منی بجٹ پیش کرنے کے بعد تنقید کا رخ بدلنے کے لئے احتجاج کررہے ہیںجو تاجر ان کے لئے بھتہ جمع کرتے تھے وہ آج کہتے ہیں بلدیاتی قانون کو نہیں مانتے،جماعت اسلامی کے دھرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آج کل احتجاج کا موسم چلا ہوا ہے، ہماری بات چیت ہورہی ہے لیکن ان کے جو مطالبات ہیں وہ ایسے نہیں کہ انہیں قانون بنایا جاسکے ،احتجاج کرنا ہے تو پیٹرول، گیس اور بجلی پر احتجاج کیا جانا چاہیے، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی تلے دبا دیا ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کہتی ہے کہ کراچی کے اسپتالوں پر غیرمقامی افراد کا قبضہ نامنظور ہے، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی ان سے پوچھیں کہ غیر مقامی کون ہیں؟ ایک ایم پی اے والی جماعت 100 ایم پی ایز والی پارٹی کو کہہ رہی ہے کہ ہمارا قانون بناؤ، جبکہ آئین اور قانون کہتا ہے کہ اکثریت والی جماعت کو قانون بنانے کا اختیار ہےان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔