کورونا کا پھیلاؤ، اگلے دو سے تین ہفتے خطرناک قرار

January 18, 2022

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے کراچی میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں اگلے دو سے تین ہفتے کورونا صورت حال کے حوالے سے بہت زیادہ خطرناک ہوسکتے ہیں۔

پی ایم اے کے مطابق کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد تک جاپہنچی ہے، یہ تعداد صرف رجسٹرڈ کورونا کیسز کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ کیسز کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ اومی کرون اپنی ہیئت تبدیل کرسکتا ہے، زیادہ مہلک اور شدید ہوسکتا ہے،حکومت فوری طور پر سیاسی جلسوں، دھرنوں اور اجتماعات پر پابندی عائد کرے۔


پی ایم اے نے کہاکہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں پر جرمانے اور سزائیں دی جائیں،شاپنگ مال ،ہوٹل، ریسٹورنٹس میں ویکسینیشن کارڈ چیک کیے جائیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 34 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 10 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 125 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 45 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 29 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 33 ہزار 521 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 39 ہزار 881 زیرِ علاج مریضوں میں سے 827 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 64 ہزار 611 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 53 ہزار 253 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 42 لاکھ 39 ہزار 761 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔