جوکووچ کی مقدمے کیلئے اپنے وکلاء سے مشاورت

January 20, 2022


سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے آسٹریلوی حکومت کے خلاف مقدمے کیلئے اپنے وکلاء سے مشاورت شروع کردی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نوواک جوکووچ کی جانب سے آسٹریلوی حکومت کے خلاف 6 ملین ڈالرزکا مقدمہ دائر کرنے کا امکان ہے کیونکہ آسٹریلیا پہنچنے پر جوکووچ کو حراست میں رکھا گیا پھر ویزا منسوخ کر کے ڈی پورٹ کیا گیا۔

نوواک جوکووچ آسٹریلیا میں اس غیرمناسب رویے کی وجہ سے مقدمے کا سوچ رہے ہیں،جبکہ ٹینس آسٹریلیا نے نوواک جوکووچ کو لیگل بلز کی ادائیگی سے انکار کر دیا ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میلبرن کے ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران جوکووچ سے برا سلوک کیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے پر بھی نوواک جوکووچ زر تلافی طلب کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نواک جوکووچ کورونا ویکسین لگائے بغیر آسٹریلین اوپن میں شرکت کےلیے میلبرن گئے تھے۔