شریف فیملی مافیا، بقا کی جنگ لڑرہی ہے، موجودہ مہم عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش، عمران خان

January 21, 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی مافیا ہے جو اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے‘ ہمیں اس مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، عدالت نے شریف فیملی کا کچا چٹھا کھول دیا ہے.

سابق چیف جج کا بیان حلفی نواز شریف کے بیٹے کے آفس میں نوٹرائز ہوا، مریم نواز کے کیس سے پہلے بیان حلفی سامنے لایا گیا‘موجودہ مہم عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے‘ججز کودباؤ میں لاکرمن پسند فیصلے لینے کی کوشش ماضی میں بھی ہوئی‘ مسلم لیگ (ن)کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے‘کورونا کے باوجود معاشی ترقی کا5.37 فیصد تک جانا بڑی کامیابی ہے‘راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کیلئے اہم ہیں‘ حکومت کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے ۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شریف فیملی خود کو بچانے کی جنگ اور ہم عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، شریف فیملی ہمیشہ عدالتوں پر اثرانداز ہونے کیلئے ایسے حربے استعمال کرتی رہی ہے‘عدالت نے انہیں بے نقاب کردیا ہے۔

دریں اثناءوزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے ملک کیلئے اہم ہیں‘ حکومت کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے‘ منصوبوں کے اہداف معینہ مدت میں پورا نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے‘پنجاب حکومت ان منصوبوں کے خلاف زیرالتوا مقدمات کی موثر پیروی کرے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ یہ منصوبے لاہور میں تنگی اور آلودگی کو کم کر نے کے لیے ضروری ہیں‘ہماری حکومت نے تعمیرات کے تاریخ ساز منصوبے شروع کیے جن کی طرف پچھلے 20 سالوں میں کسی حکومت نے توجہ نہیں دی۔