مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع, سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ

January 22, 2022

فائل فوٹو

مری جانے والے محتاط رہیں، ملکہ کوہسار میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

مری کی سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام گھنٹوں بعد شروع کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آج اور کل مری، گلیات، ناران، کاغان اور ہنزہ میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے، برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلیات کے بالائی علاقوں میں اب تک 4 انچ برف پڑ چکی ہے۔

چیف ٹریفک افسر کے مطابق مری میں مجموعی طور پر سیاحوں کی 1170گاڑیاں موجود ہیں، سیاحوں کی 8000 سے زائد گاڑیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 7 اور 8 جنوری کی درمیانی رات مری میں طوفانی برف باری میں اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، مردان اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 23 سیاح موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔